لاہور(آئی این پی)پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر واہگہ بارڈر پر شاندار پریڈ کا پرچم کشائی کا انعقاد کیا گیا جس کو شہریوں کی بڑی تعداد دیکھنے کے لیے پہنچی،لاہور کے واہگہ بارڈر پر شاندار تقریب منعقد ہوئی، شہریوں کی بڑی تعداد پنجاب رینجرز کے جوانوں کی پریڈ دیکھنے پہنچی، پاکستان کے یوم آزادی پر واہگہ بارڈر کی فضائیں نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے پرجوش اور فلگ شگاف نعروں سے گونج اٹھیں،ہر طرف سبزہلالی پرچموں کی بہار تھی اور پریڈ کے دوران عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا،
کورکمانڈر لاہور لیفٹینٹ جنرل سید عامر رضا تقریب کے مہمان خصوصی تھے، ڈی جی رینجرز پنجاب بھی شریک ہوئے،پاکستان رینجرز پنجاب کے شیر دل جوانوں کے بوٹوں کی گھن گھرج اور وطن کی حفاظت کے جذبے سے بھرپور پریڈ پاکستانیوں کا لہو گرماتی رہی، اسٹیڈیم میں موجود بچے، بزرگ، خواتین سب ہی بہت پرجوش اور بھرپور انداز میں اپنے سپاہیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے،پرچم اتارے جانے کی تقریب شام 6 بجے شروع ہوئی لیکن دوپہر چار بجے ہی اسٹیڈیم شہریوں سے بھرچکا تھا،جی ٹی روڈ پر واہگہ بارڈر جانے والی گاڑیوں کی کئی میل لمبی قطاریں نظر آئیں۔ ہزاروں شہری پاکستان اور بھارت کی سرحدی فورسز کے مابین لڑی جانیوالی جوش اور جذبوں کی یہ جنگ دیکھنے سے محروم رہے،پاکستان کے یوم آزادی پر پاکستان رینجرز پنجاب اور بی ایس ایف انڈیا کے جوانوں کے مابین مٹھائی کاتبادلہ ہوا اور ایک دوسرے کے لیے خیرسگالی کا اظہار کیا گیا،واہگہ بارڈر اور اطراف میں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں