نگران وزیر اعظم نے کہاں قیام کرنے کا فیصلہ کر لیا؟

اسلام آباد(آئی این پی) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی وفاقی وزارتوں سے اہم امور پر بریفنگ طلب کرلی، باری باری سب کو بلا کر بریفنگ لی جائے گی، نگران وزیراعظم ابھی پنجاب ہائوس میں قیام کریں گے، تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ ایوان صدر میں حلف اٹھانے کے بعد وزیرِ اعظم ہائوس پہنچے جہاں سبکدوش ہونے والے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نگران وزیرِ اعظم کا استقبال کیا،

نگراں وزیرِ اعظم کی وزیرِ اعظم آفس کے افسران و عملے سے ملاقات کروائی گئی جس میں افسران نے نگران وزیرِ اعظم کو اپنا تعارف کروایا،علاوہ ازیں انوار الحق کاکڑ اور سبکدوش ہونے والے وزیرِ اعظم کے مابین ملاقات ہوئی، جس میں سبکدوش ہونے والے شہباز شریف نے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،نگران وزیرِ اعظم نے سبکدوش وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔اس کے بعد سبکدوش وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد انوار الحق کاکڑ نے انہیں وزیراعظم ہائوس سے رخصت کیا،بعد ازاں نگراں وزیراعظم کو ٹرائی سروسز کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انوار الحق کاکڑ نے وزیراعظم کا چارج سنبھالتے ہیں تمام وفاقی وزارتوں کو اہم امور پر بریفنگ کیلیے تیار رہنے کی ہدایت کی اور پہلا ہدایت نامہ جاری کیا،ہدایت نامے میں وزارتوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اہم معاملات پر بریفنگ تیار کریں، باری باری سب کو بلا کر بریفنگ لی جائے گی،ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم ابھی پنجاب ہائوس میں قیام کریں گے جبکہ شہبازشریف کا سامان لاہور بھجوا دیا گیا ہے، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑایک دو روز میں وزیراعظم ہائوس منتقل ہو جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close