چیئرمین پی ٹی آئی کی کرپشن کہانیاں گھناؤنی اور بھیانک ہیں، سنگین الزامات کی بارش

نارووال (پی این آئی) احسن اقبال کا کہنا ہے عمران خان قوم کو دھوکہ دے رہا تھا کہ انقلاب لیکر آؤں گا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک گمراہ ٹولہ ایسا بھی ہے جو قومی پرچم اتار کر اپنی پارٹی کے پرچم لہرا رہا ہے،وہ گروہ یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کر رہا ہے۔ کیا یہ لوگ محبِ وطن کہلانے کے حقدار ہیں؟ یہ لوگ یومِ آزادی کو بھی اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان قوم کو دھوکا دے رہا تھا کہ پاکستان میں انقلاب لیکر آؤں گا،جو دوسروں کو چور ڈاکو کہتا تھا آج قوم کو اسکی حقیقت نظر آ رہی ہے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان مخالفین کے قصے بیان کرتا تھا لیکن آج اس کی چوریاں سامنے آ رہی ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی کرپشن کہانیاں گھناؤنی اور بھیانک ہیں،اب وہ قانون کی گتھیوں میں چھپنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر ر رکھی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 15 اگست کو درخواست پر سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے کاز لسٹ کے مطابق 2 رکنی بنچ میں جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی بھی شامل ہوں گے۔ یہاں یہ بھی خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے خلاف دو مئی 2018ء کو توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ سید محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں احسن اقبال کو آئین کے آرٹیکل 63 ، 64 کے تحت نا اہل قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close