اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین نے بھی اگلے عام انتخابات میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کر دیا،شافع حسین کا کہنا ہے کہ لگ رہا ہے عام انتخابات فروری 2024 تک چلے جائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ق پنجاب کے زیر اہتمام پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔تقریب میں جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اس موقع پر شافع حسین نے کہا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے۔شافع حسین نے مزید کہا کہ انتخابات نومبر میں ہونے چاہیے،لیکن لگ رہا ہے فروری تک جائیں گے۔شہباز شریف سے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔دوسری جانب ن لیگ کے رہنما بھی عام انتخابات میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کر چکے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انوارالحق کاکڑ کا نام کہیں اور سے سامنے آنے میں کوئی حقیقت نہیں۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ضرورت تھی کہ چھوٹے صوبوں کو حکمرانی میں حصہ دیا جائے،نگران وزیراعظم کیلئے انوارالحق کا نام سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر دیا گیا،انوار الحق کانگران وزیراعظم بننا خوش آئند بات ہے، انوارالحق کانام نگران وزیراعظم کیلئے سرفہرست تھا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگلے مہینے پاکستان آجائیں گے، نوازشریف کو اختر مینگل کے تحفظات کو دورکرنا چاہئے،ہمیں بلوچستان کے مسائل کا قومی حل تلاش کرنا چاہئے،ہمیں بلوچستان کے ناراض لوگوں کو قومی دھارے میں لانا چاہئے۔سابق وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاکہ لیڈر آف اپوزیشن نے فروری میں الیکشن کا کہا ہے،الیکشن ڈیڑھ دو ماہ آگے جاسکتے ہیں، الیکشن فروری سے آگے نہیں جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں