اسلام آباد (پی این آئی) وزیر شہباز شریف نے قوم سے اپنے الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ وقت گواہی دے گا کہ مختصر ترین مدت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
پاکستان کی ڈوبتی کشتی کو بدترین طوفانوں سے بچا کر پر امن ساحلوں کی طرف واپس لے آئے ہیں، سابق حکومت شرائط کی جن زنجیروں میں پاکستان کو جکڑ گئی تھی وطن کو ان سے آزاد کرایا۔انہوں نے کہا کہ امید ہے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف ماضی کی تاریکیاں ختم نہیں کیں بلکہ روشن مستقبل کے چراغ بھی روشن کر کے جارہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم آئین کے راستے سے اقتدار میں آئے تھے، اسی راستے سے واپس جا رہے ہیں، امید ہے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے، راجہ ریاض کی مشاورت سے نگران وزیراعظم کےلیے انوارالحق کاکڑ پر اتفاق ہوا،ضمیر اور قلب کے اطمینان کے ساتھ واپس جا رہے ہیں، ملک کی باگ ڈور نگران حکومت کے سپرد کر رہا ہوں۔انہوں نےکہا کہ قرض لینا کوئی کامیابی نہیں، 16 ماہ کانٹوں پرچلنےکا سفرتھا، اس وقت اگر فوری انتخابات کروالیتے تو ہمیں سیاسی فائدہ ہوتا، ہم نے سیاسی خودغرضی نہیں کی قومی مفادات کوترجیح دی، ایک طرف ریاست دوسری طرف سیاست تھی، ہم نے ریاست بچانےکا فیصلہ کیا، ہم نے اللہ کا نام لے کرمشکل فیصلےکیے۔
اگر ملک دیوالیہ ہوجاتا تو کھانے پینے کی اشیاء کی قلت ہوجاتی، نہ دوائی ملتی نہ پیٹرول، صرف افراتفری اور ہنگامے ہوتے، وطن دشمن خوفناک مناظر دیکھنا چاہتے تھے، خود غرضوں کو صرف اپنی سیاست پیاری تھی، سب سازشیں ایک ایک کرکے ناکام ہوگئیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی مفادات پرآنچ نہیں آنے دی، دوست ممالک کا اعتماد بحال کیا، سیلاب متاثرین کا ہاتھ تھاما، معاشی مشکلات کے باوجود کمزور طبقے کو ریلیف دیا، پانچ ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی، اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 49 ہزار پوائنٹس کی حد عبورکرگیا جو 6 سال کی بلند ترین سطح ہے، میڈیا کو آزادی دی اور میڈیا ورکرز کو حقوق دیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں