عام انتخابات کب ہوں گے؟ راجہ ریاض کا نیا بیان آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) سابق اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے کہا ہے کہ عام انتخابات فروری 2023 میں ہوں گے، الیکشن میں پی ٹی آئی ہوگی یا نہیں کچھ کہہ نہیں سکتا، مستقبل کی سیاست کا فیصلہ چند روز میں پریس کانفرنس کرکے بتاؤں گا۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انوارالحق کاکڑ کا نام میں نے پرسوں وزیراعظم کو دیا تھا، ہم دونوں کا معاہدہ تھا کہ ہم اپنے نام اوپن نہیں کریں گے، جب تک فائنل نہ ہوجائیں،اس معاہدے کے تحت ہم نے نام ظاہر نہیں کیا۔پرسوں میٹنگ میں ہم نے ایک دوسرے کو نام دیئے تھے، وزیراعظم نے پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں سے مشورہ کیا، ہم نے انوارالحق کاکڑ کے بارے کہا کہ انہوں نے نام قبول کرلیا۔ وزیراعظم نے کوئی سوال نہیں کیا۔وزیراعظم نے اپنے کسی نام پر زور نہیں دیا۔ آج میں نے اور وزیراعظم ہم دونوں نے پھر کمٹمنٹ کی کہ باقی ناموں کو بھی ظاہر نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نے مجھ پر اعتماد کیا ہم نے فیصلہ کیا کہ نام ظاہر نہیں کریں گے۔اور بھی سیاسی نام تھے، ٹیکنوکریٹ اور دیگر نام بھی تھے۔ معاشی ماہرین کے نام نگران کابینہ میں شامل ہوں گے، بالخصوص وزیرخزانہ کیلئے ہوگا ، اسحاق ڈار یا شاہد خاقان عباسی کا نام نگران وزیراعظم کیلئے نہیں تھا۔

انوارالحق کاکڑ چھوٹے صوبے سے ہیں، دوست ہیں، اچھے تعلقات ہیں، چھوٹے صوبے سے اس لئے نا م لیا کہ احساس محرومی کا خاتمہ ہوسکے۔ بلوچستان سے ہمیشہ آواز اٹھتی تھی کہ ہمیں کسی اہم سیٹ پر نہیں لگایا جاتا۔ اس لئے انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنایا گیا۔ راجا ریاض نے کہا کہ عام انتخابات فروری 2023 میں ہوں گے، الیکشن میں پی ٹی آئی ہوگی یا نہیں کچھ کہہ نہیں سکتا، مستقبل کی سیاست کا فیصلہ چند روز میں پریس کانفرنس کرکے بتاؤں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close