صدر کو کس بات کی جلدی ہے؟ وزیراعظم شہباز شریف کا صدر مملکت کے نگران وزیراعظم سے متعلق خط پر سخت ردِعمل آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ صدر کو کس بات کی جلدی ہے جو نگران وزیراعظم کیلئے خط لکھا دیا؟میرے بطور وزیراعظم پورے 8 دن ہیں صدر آئین پڑھیں،3 دن میں فیصلہ نہ ہوا تو پارلیمانی کمیٹی نام فائنل کرے گی، پارلیمانی کمیٹی نام طے نہ کرسکی تو الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا۔

انہوں نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ آج رات یا کل تک ہوجائے گا، صدر کو کس بات کی جلدی ہے جو خط لکھا دیا؟ خط لکھنے سے پہلے صدر کو خط پڑھ لینا چاہیئے تھا۔میرے بطور وزیراعظم پورے 8 دن ہیں صدر آئین پڑھیں۔ نگران وزیراعظم بننے تک وزیراعظم ہوں، تین دن میں فیصلہ نہ ہوا تو پارلیمانی کمیٹی تین دن میں فیصلہ کرے گی، پارلیمانی کمیٹی فیصلہ نہ کرسکی تو الیکشن کمیشن نگران وزیراعظم کے حتمی نام کا فیصلہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے معاملے پر آج رات اتحادیوں سے مشاورت کروں گا، تمام اتحادیوں کو آج مشاورت کیلئے بلایا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین پی ٹی آئی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انسان وہ کام کرے جس کے نتائج وہ برداشت کرسکے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے دوست ممالک سے تعلقات خراب کئے، امریکا کے ساتھ گزشتہ حکومت میں تقریباً تعلقات ختم ہوچکے تھے، اب امریکا کے ساتھ تعلقات بہتری کی طرف آئے ہیں، دو دن میں سائفر کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو 16ماہ میں کئی چیلنجز کا سامنا رہا، ایس آئی ایف سی ملکی ترقی کا ویژن ہے، سول و عسکری قیادت نے ملک کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔اتحادی حکومت نے مل کر جس طرح ملک کو مشکلات سے نکالا ، وہ قابل تعریف ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا نوازشریف کی واپسی سے کوئی نہیں، انشاء اللہ نوازشریف واپس آئیں گے اور قانون کا سامنا کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close