عمران خان کی حکومت کا تختہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے الٹایا گیا جو ایک سازش تھی، تحریک انصاف کا سائفر کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ

لاہور (پی این آئی) پی ٹی آئی نے سائفر لیک پر ایک مرتبہ پھر عدالتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کر دیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ سائفر سے متعلق رپورٹ شائع ہونے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیانات کی صداقت مزید مستحکم ہوجاتی ہے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ رپورٹ کے انکشافات سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کی حکومت کا تختہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے الٹایا گیا جو ایک سازش تھی۔پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ عدالتی کمیشن سائفر کے معاملے کی مکمل تحقیقات کرے اور بعد ازاں اس کے نتائج کو منظر عام پر لائے۔ یاد رہے کہ امریکی ویب سائٹ دی انٹرسیپٹ نے سائفر کے متن کو شائع کرتے ہوئے خبر میں لکھا کہ اس سائفر سے چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کو گرانے کے پیچھے امریکی دباؤ کارفرما نظر آتا ہے کیونکہ امریکی سفارت کار نے یہ بیان دیا تھا کہ اگر عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو سب کچھ معاف کردیا جائے گا۔ادھر سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بین الاقوامی میڈیا پر سامنے آنے والی دستاویز سے متعلق کہا ہے کہ اس اطلاع کی تصدیق کیلئے تحقیقات ہونی چاہیے۔

ایک بیان میں رانا ثنا ء اللہ نے کہاکہ بظاہر یہ کام بہت شر انگیز ہے،یہ بات فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ سائفر کی کاپی چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس تھی جو انہوں نے واپس بھی نہیں کی۔سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی یہ بات بھی ریکارڈ پر کہہ چکے ہیں کہ ان سے وہ سائفر کاپی گم ہوگئی ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی اس سلسلے میں قصور وار ثابت ہوتے ہیں تو ان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close