لاہور (آئی این پی) لاہور ہائی کورٹ نے توشہ خانہ تحائف اثاثوں میں ظاہر نہ کرنے پر آصف زرداری اور نواز شریف کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔توشہ خانہ تحائف اثاثوں میں ظاہر نہ کرنے والے تمام اراکین اسمبلی کے خلاف کاروائی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔لاہور ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان سمیت دیگر کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے صدر سپریم کورٹ بار اور وائس چیئرمین پنجاب بار کو عدالتی معاون مقرر کردیا۔
جسٹس راحیل کامران کے زیرسماعت ندیم سرور کی جانب سے دائر درخواست میں مقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کی درخواست پر چیئرمین تحریک انصاف کو 3 سال قید کی سزا ہوئی، الیکشن کمیشن انصاف کے تقاضے پورے نہیں کر رہا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ تحائف ظاہر نہ کرنے والے اراکین اسمبلی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، آصف زرداری، نواز شریف، شاہد خاقان عباسی، یوسف رضا گیلانی نے توشہ خانہ تحائف ظاہر نہیں کیے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ان اراکین اسمبلی کے خلاف جان بوجھ کر کارروائی نہیں کر رہا، عدالت توشہ خانہ تحائف ظاہر نہ کرنے والے اراکین اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن کو کارروائی کا حکم دے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں