اسلام آباد (پی این آئی) اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے قومی اسمبلی کے آخری اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا گیا، پیرنی اور فرح گوگی نے جادو دکھایا۔
راجہ ریاض کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب چیئرمین پی ٹی آئی عروج پر تھے تو ہم نے اس وقت خود کو پارٹی سے الگ کر لیا، ان کے اقتدار کے وقت ان کے طرز حکمرانی سے اختلاف کیا تھا۔ ہم نے کہا تھا چیئرمین صاحب، آپ کا حکومت کرنے کا انداز غلط ہے۔ عثمان بزدار کے دور میں ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنرز پیسے دے کر لگتے تھے۔ اگر چیئرمین پی ٹی آئی آج اقتدار میں ہوتے تو ملک ڈیفالٹ کر چکا ہوتا۔ آج ملک کے ڈیفالٹ نہ ہونے میں ہمارا حصہ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور ملک کی سمت درست کی۔ ہم نے اس حکومت کی جائز پالیسیوں کی حمایت اور ناجائز کی نشاندہی کی۔ بہت خوش ہیں کہ ہم نے بھی ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے میں کردار ادا کیا۔
کوشش تھی کہ بجلی اور گیس کے بل قابو میں آئیں لیکن مہنگائی کافی بڑھ چکی ہے۔ کہا گیا تھا کہ بجلی 7 روپے یونٹ بڑھے گی مگر 14 روپے بڑھ گئی۔ غریب آدمی کا زندہ رہنا مشکل ہو گیا ہے۔ نگراں حکومت کو مہنگائی کے خلاف اقدامات کرنے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں