عمران خان کو پی ٹی آئی کا تاحیات چئیرمین بنانے کی قرار داد منظور

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے عمران خان کو تاحیات چیئرمین مقررکرنے کی قرارداد منظور کرلی ہے۔ ٹویٹر پر جاری اعلامیہ پی ٹی آئی کورکمیٹی کے مطابق پی ٹی آئی کورکمیٹی کی متفقہ قرارداد میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا منصب تاحیات بانی چیئرمین کے پاس رہے گا۔

جماعتی نصب العین ، ملک وملت کیلئے بے مثال خدمات عوامی شعور اجاگر کرنے ، سب سے بڑی جماعت کا درجہ دلوانے اور اسلامی تعلیمات کے فروغ سمیت عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان تاحیات چیئرمین پی ٹی آئی رہیں گے۔مزید برآں چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل سے بھجوائی ہدایات پر یوم آزادی منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تحریک انصاف ملک کے اندر اور دنیا بھر میں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کرے گی، مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔انتخابات کو التواء کا شکار کرنے کی ہر کوشش کی بھرپور قانونی سیاسی مزاحمت پر اتفاق کیا گیا۔قومی اسمبلی تحلیل کے بعد انتخابات ہر صورت 90روز کی آئینی مدت میں کرانا ہوں گے۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترامیم کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فسطائی سرکار کی جانب سے قوانین کو خون آشام کے سلسلے کی راہ روکیں گے اور شخصی آزادیوں کا ہر حال میں تحفظ کریں گے، پی ٹی آئی کو بلے کے انتخابی نشان سے محروم رکھنے کی کوشش کی بھرپور مذمت کی جائے گی، بلے کا انتخابی نشان بطور جماعت ہمارا حق ہے، بلے کے نشان کو سلب کرنے کے حق کو قانونی سیاسی طریقے سے چیلنج کریں گے۔ کورکمیٹی اجلاس میں کہا گیا کہ قانونی ٹیم کی جانب سے توشہ خانہ فیصلے کے خلاف اپیل ، چیئرمین پی ٹی آئی سے وکلاء اور دیگر کی ملاقاتوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close