اسلام آباد(پی این آئی)انڈیا سے پاکستان آنے والی انجو(فاطمہ) کے ویزا میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی۔ نصر اللہ نے اُردو نیوز کو بتایا کہ وہ وزارت داخلہ آئے تھے اور اپنی اہلیہ انجو(فاطمہ) کے ویزا میں ایک سال توسیع کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی درخواست پر ان کی اہلیہ انجو کے ویزے میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔
’مجھ سے جو دستاویزات مانگے گئے تھے وہ میں نے فراہم کر دیے جس کے بعد انجو کو ایک سال کا ویزا مل گیا ہے۔‘ انہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان کے تمام ادارے اور محکمے ان کے ساتھ اچھا برتاؤ رکھ رہے ہیں۔ ’ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہوئی. ہمیں ہر قدم پر سپورٹ کیا گیا ہے اور ہر ادارے سے ہمیں بہترین سہولت مل رہی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ویزا میں توسیع پر خوشی ہے تاہم اگلے دس دنوں میں اس حوالے باقاعدہ لیٹر مل جائے گا۔ خیال رہے پچھلے ہفتے انجو کے ویزے میں دو ماہ کی توسیع کر دی گئی تھی۔ فاطمہ کے شوہر نصراللہ نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’فاطمہ کے ویزے میں ابتدائی طور پر دو ماہ کی توسیع کی گئی ہے اور وہ توقع کر رہے ہیں کہ اس کے بعد انہیں ایک برس کا ویزہ دیا جائے گا۔ ’پھر وہ یہاں مستقل بنیادوں پر رہائش رکھنے کی منصوبہ بندی کریں گی۔‘ نصراللہ سے جب پوچھا گیا کہ کیا اب ان کی اہلیہ واپس انڈیا جائیں گی؟ تو ان کا کہنا تھا کہ آپ خود سوچیں کہ وہ واپس انڈیا گئیں تو ان کے ساتھ کیا کیا جائے گا۔ ایسے میں وہ کیسے جا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اب فاطمہ دِیر کے مقامی رسم ورواج کے مطابق زندگی گزاریں گی اور انہوں نے ان کو یہاں کے رہن سہن کے بارے میں سمجھایا ہے۔ نصراللہ نے کہا تھا کہ فی الحال وہ (فاطمہ) میڈیا سے بات نہیں کر رہیں کیونکہ ان کے لیے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، اور جب یہ مسئلے ختم ہو گئے تو اس وقت وہ بات بھی کریں گی، اور اگر چاہیں گی تو ان کے ساتھ ان ہی کی کمپنی میں ملازمت بھی کریں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں