پانامہ لیکس کے 436 چوروں میں سے ایک کافیصلہ ہوا، باقیوں پر عدالت خاموش ہے، سراج الحق پھٹ پڑے

حافظ آباد(آئی این پی) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق نے ونیکے چوک میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 75 سال سے ملک کو لوٹنے والوں کا بلا تفریق احتساب ہونا چاہیے۔ توشہ خانہ سے جس جس نے بھی مال چرایا، اُس سے حساب لیا جائے۔ مجھے خوشی تب ہو گی جب عمران خان کے ساتھ شہباز شریف اور آصف علی زرداری بھی اڈیالہ جیل کے ایک کمرے میں قید ہوں گے۔

پانامہ لیکس میں شامل 436 چوروں میں سے ایک کے بارے فیصلہ ہوا باقی تمام کے بارے عدالت خاموش ہے۔ آج سب کہہ رہے ہیں کہ ملک کے حالات خراب ہیں۔ میں پوچھتا ہوں کہ ملک کے حالات خراب کس نے کیے۔ مسلم لیگ(ن) کئی بار اقتدار میں آئی۔ آصف علی زرداری اور عمران خان بھی حکومت میں آئے لیکن ملک کے حالات ٹھیک نہ کر سکے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی، نواز شریف اور عمران خان کو جب حکومت سے نکالا گیا، تب یہ پوچھتے تھے کہ ہمیں کیوں نکالا گیا۔ یہ کہتے ہیں کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف نہیں مل سکا۔ میں پوچھتا ہوں کہ ان ججز اور نظام عدل کو کرپٹ کس نے بنایا؟ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اب ملک میں حقیقی انقلاب کی ضرورت ہے اور وہ انقلاب عوام کے ووٹ کی طاقت سے آسکتا ہے کہ ہم معاشی دہشت گردوں، امریکہ، برطانیہ اور آئی ایم ایف کے یاروں سے چھٹکارا حاصل کر سکیں۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمران عوام کے خوف سے الیکشن نہیں کروانا چاہتے۔انھیں پتا ہے کہ جب وہ ووٹ لینے عوام کے پاس جائیں گے تو لوگ انھیں ووٹ کی بجائے گندے انڈوں سے استقبال کریں گے۔اسی لیے وہ مردم شماری جیسے بہانے بنا کر نگران سیٹ اپ کو طول دینا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک سے سودی نظام کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ جب میں کے پی کے میں وزیر خزانہ تھا تو ہم نے وہاں سودی نظام کا خاتمہ کیا تو صوبے نے ترقی کی۔آج ملک میں ڈرگ مافیا، ڈیزل مافیا، لینڈ مافیا، آٹا مافیااور دیگر کرپٹ مافیا کا راج ہے۔ جو ان چور، لٹیروں پر اپنا پیسہ خرچ کرکے انھیں منتخب کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے بے روزگاری الاؤنس، بزرگوں کے لیے بڑھاپا الاؤنس دیں گے۔جلسہ سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر جاوید محمود قصوری، ضلعی امیر قاسم علی تارڑ، اُمیدوار پی پی 70 ڈاکٹر محمد یٰسین انصاری،سابق امیر امان اللہ چٹھہ،پروفیسرمحمد ایوب خاں طاہر، شوکت علی پھلروان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔جبکہ جلسہ میں مردوخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں سراج الحق کا جماعت کے کارکنوں نے شایان شان استقبال کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close