راولپنڈی (پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں ہتھیار پھینکوں گا اور نہ ہی کبھی پریس کانفرنس کروں گا، اگر میں پریس کانفرنس کروں تو سمجھیں میرا ضمیر مرگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو کہنا چاہتا ہوں ظلم اتنا کریں جتنا برداشت کر سکیں، ہم مر سکتے ہیں عزت کی موت مرنا پسند کریں گے، اصلی اور نسلی بندہ ہوں، مقابلے میں دوستوں کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتا، چٹان کی طرح کھڑا ہوں اور قبر کی دیواروں تک دوستی نبھاتا ہوں، عزت عزیز اور عزت کی موت مرنے کو ہی ترجیح دوں گا۔ انہوں نے کہاکہ آج کی ویڈیو دکھ اور تکلیف کے عالم میں بنا رہا ہوں، راشد شفیق کی والدہ کا کل انتقال ہوا، میرے گھر میں رات کو دو ریڈ کئے گئے میرے دو ملازموں کو لے جا کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میری اپنی پارٹی ہے، اپنے انتخابی نشان قلم دوات پر الیکشن لڑتا ہوں، ساری زندگی فوج، شہداء اور مجاہدوں کا ساتھ دیا، مجھ پر 7 کیس جھوٹے بنائے گئے ہیں اور ساتوں میں ضمانت ہے لیکن کیا یہ انصاف ہے کہ ہم اپنے عزیروں کو کندھا بھی نہیں دے سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں