لاہور(آئی این پی)استحکام پاکستان پارٹی(آئی پی پی )کا عام انتخابات کے لئے انتخابی نشان کے حوالے سے زیر گردش خبروں پر ردعمل سامنے آگیا۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ انتخابات کیلئے 23 سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے ہیں۔ملکی میڈیا پر زیر گردش خبروں میں دعوی کیا گیا کہ استحکام پاکستان پارٹی کی شاہین کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی اور الیکشن کمیشن نے پارٹی کو چڑیا کا انتخابی نشان لینے کی پیشکش کی۔
تاہم، آئی پی پی کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کر دی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ( ٹوئٹر ) پر جاری ایک بیان میں پارٹی کی ترجمان کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا انتخابی نشان شاہین ہی ہوگا ، میڈیا پر چلنے والی بعض خبریں درست نہیں ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارٹی چونکہ ابھی رجسٹریشن کے عمل سے گزر رہی ہے اس لئے باقاعدہ انتخابی نشان ملنے میں کچھ تاخیر ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عقاب ہی پارٹی کا انتخابی نشان ہوگا ، انشا اللہ جلد ہی یہ معاملات حل ہوجائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں