اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ کے اعزاز میں پر تکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، عشایئے میں شرکا کی من پسند کھانوں سے تواضع کی گئی۔وزیر اعظم نے ارکان پارلیمنٹ کا گرمی جوشی سے استقبال کیا، شہباز شریف نے ارکان پارلیمنٹ کو وزیر اعظم ہائوس میں خوش آمدید کہا اور فردا فردا ارکان کی نشستوں پر جا کر ان سے ملاقات کی۔
عشائیہ میں چیئرمین سینیٹ و سپیکر قومی اسمبلی نے بھی شرکت کی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سمیت وفاقی وزرا اور حکومتی اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ارکان پارلیمنٹ کے لئے وزیر اعظم کی جانب سے پرتکلف عشائیہ میں من پسند کھانوں کا اہتمام کیا گیا، چکن منچورین، چکن کڑاہی، مٹن کڑاہی، باربی کیو مینیو کا حصہ تھے، میٹھی ڈشز بھی ارکان پارلیمنٹ کی تواضع میں پیش کی گئیں۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے عشائیہ سے قبل پارلیمانی رہنماں سے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، وزیر اعظم شہباز شریف نے پارلیمانی رہنماں سے نگران وزیر اعظم سے متعلق مشاورت کی۔ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ بتا دی اور کہا ہے کہ 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 15 ماہ میں تمام تنقید کے باوجود ریاست کو بچایا، آج ہمارا ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ملک کو بھنور سے نکالا، مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، ہر طرف خطرات تھے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں ہماری حکومت ختم ہو جائے گی، کوشش ہے کہ سب کیلئے قابل قبول نگران سیٹ اپ تشکیل دیا جائے۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کے تعاون سے ہر مشکل پر قابو پایا، آئی ایم ایف سے معاہدہ آسان نہیں تھا، یہ پل صراط بھی عبور کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں