بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی کے سابق وی سی ڈاکٹر اطہر کو طیارے سے اُتار لیا گیا، پابندی لگا دی

اسلام آباد (پی این آئی) بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی کے سابق وی سی ڈاکٹر اطہرکو طیارے سے آف لوڈ کر دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ سابق وی سی ڈاکٹر اطہر محبوب کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔ ڈاکٹر اطہر محبوب کو امریکا روانگی کیلئے درکار این او سی نہ ہونے کے باعث روکا گیا۔ این او سی نہ ہونے پر ڈاکٹر اطہر کو پرواز سے آف لوڈ کرکے گھر روانہ کردیا گیا۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر محبوب کے خلاف مالی بدعنوانیوں اور انتظامی بیضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم بھی دیا جا چکا ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی جانب سے ڈاکٹر اطہر محبوب کے خلاف تحقیقات کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن کی بنائی گئی کمیٹی سابق وائس چانسلر کے خلاف عائد الزامات کے حوالے سے تحقیقات کرےگی۔اس حوالے سے ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی طرف سے انکوائری کمیٹی کے ٹرم آف ریفرنس میں بھی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں طالبات کی غیر اخلاقی تصاویر اور منشیات استعمال کیے جانیکااسکینڈل سامنے آنے کے بعد سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اطہرمحبوب کے خلاف تحقیقات کا اقدام دیکھنے میں آیا۔واضح رہے کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد علی کو فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا ۔کمیٹی یونیورسٹی اسکینڈلز سے جڑے تمام افراد کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے، یونیورسٹی کا چیف سکیورٹی افسر بھی منشیات برآمد ہونے پر جیل میں ہے۔جب کہ یونیورسٹی سکینڈل کے بارے میں ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا تھا کہ جامعہ کی طالبات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بدنام کیا گیا، ہزاروں ویڈیوز کہاں ہیں پولیس ثبوت پیش کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close