پشاور(پی این آئی) پرویز خٹک کی جماعت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نے انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کو اتحاد کی پیشکش کر دی۔تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے ترجمان ضیاء اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سے عام انتخابات میں اتحاد کے لیے تیار ہیں اور عام انتخابات کے لیے 19 اگست سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔
عوامی رابطہ مہم کے دوران خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں جلسے کریں گے اور الیکشن میں ہر حلقے میں امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹیرین کور کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت پرویز خٹک پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سابق وزیراعلی خیبر پختونخواہ محمود خان سمیت کور کمیٹی ممبران کی شرکت کی۔اجلاس میں کور کمیٹی نے متفقہ طور پر پرویز خٹک کو پارٹی چئیرمین جبکہ محمود خان وائس چئیرمین منتخب کر لیا۔کور کمیٹی نے ضیا اللہ خان بنگش کو پارٹی انفارمیشن سیکرٹری نامزد کردیا۔محمود خان نے اس موقع پر کہاکہ میں تمام ممبران کو آج اس اجلاس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج کا ہمارا اکٹھا ہونا اس بات کا امر ہے کہ ہم سب اس ملک اور خصوصا” خیبر پختونخواہ میں امن چاہتے ہیں اور امن اور خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔پرویز خٹک نے نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی منشور اور نشان پر کمیٹی نے تیزی سے کام شروع کر دیا ہے۔
موجودہ نازک صورتحال میں قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی کے لیے تمام دینی و سیاسی جماعتوں نے ہاتھ ملانے کے لیے تیار ہیں۔سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ان کی جماعت کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ملک کو دلدل سے نکالنے کیلئے تمام دینی و سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔انتخابات میں پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز تمام حلقوں سے امیدوار کھڑا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 19 اگست کو نوشہرہ میں جلسے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کررہے ہیں، مانسہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان، سوات، مردان اور دیگر شہروں میں بھی جلسے کیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں