الیکشن سے پہلے عمران خان کی گرفتاری کی پیشنگوئی کر دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے پیش گوئی کی ہے کہ عام انتخابات سے پہلے عمران خان کو گرفتار ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں پر انتخابات میں التوا واضح ہے، نئی حلقہ بندیوں پر مارچ تک انتخابات ہوسکتے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے لیے حکومت اور اپوزیشن نے 3،3 نام دینے ہیں، اپوزیشن جماعتوں سے نام مانگے ہیں، وزیراعظم سے 8 سے 9 اگست تک ملاقات متوقع ہے، امید ہے کہ نگراں وزیراعظم کےتقرر کا معاملہ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں طے ہوجائے گا، امید ہے نگراں وزیراعظم کا معاملہ الیکشن کمیشن نہیں جائے گا۔ راجہ ریاض نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ انتخابات مارچ تک ہوجائیں گے، سینیٹ الیکشن کے لیے لازمی ہے کہ الیکشن مارچ تک ہوجائیں. انہوں نے نگران وزیراعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جسے معاشی معاملات پر عبور ہو اسے نگراں وزیراعظم ہونا چاہیئے، انتخابات میں کوئی جماعت واضح اکثریت حاصل نہیں کرسکے گی۔ اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن سے پہلے جیل میں ہوں گے، نوازشریف نے وہ کام نہیں کیا جو عمران خان نے کیا، شہداء کے مجسمے توڑے اور عسکری تنصیبات پر حملہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 22 ارکان کا گروپ مل کر سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرے گا، قومی اسمبلی 8 یا 9 اگست تک تحلیل ہوجائے گی، نگراں وزیراعظم کے لیے 3 دن میں مشاورت مکمل ہوجائے گی، ایک سوچ ہے کہ نگراں وزیراعظم ٹیکنوکریٹ کو لگایا جائے۔ راجہ ریاض نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے چیئرمین نیب کے لیے میری تجویز کی حمایت کی تھی، وزیراعظم کے ساتھ اچھا تعلق ہے، امید ہے اتفاق رائے ہوجائے گا، ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا اب تک اعلان نہیں کیا، آئندہ انتخابات سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں