اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے نگران وزیراعظم کی تقرری سے متعلق پیشرفت پر آگاہ کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ 8 اگست تک اپوزیشن نگران وزیراعظم کیلئے 3 ناموں پر اتفاق کر لے گی۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم کیلئے قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف راجہ ریاض کی اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت جاری ہے۔

 

 

 

راجہ ریاض نے کہا ہے کہ جی ڈی اے،جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے نگران وزیراعظم کے تقرر سے متعلق مشاورت کی،اگلا اجلاس جمعہ کو دوبارہ ہو گا۔راجہ ریاض نے بتایا کہ 8 اگست تک اپوزیشن نگران وزیراعظم کیلئے 3 ناموں پر اتفاق کر لے گی،اپوزیشن کے اتفاقِ رائے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے نگران سیٹ اپ سے متعلق مشاورت کروں گا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کے درمیان بھی نگران وزیراعظم کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے آصف زرداری اور نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔رہنماؤں نے نگران وزیراعظم کیلئے مجوزہ ناموں اور نگران سیٹ اپ پر مشاورت کی،جبکہ آئین کے مطابق نگران وزیراعظم کے تقرر کا عمل مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ نواز شریف اور آصف زرداری نے تمام نام اتحادیوں کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا،نگران سیٹ اپ کے حوالے سے حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کا آج مشاورت کا امکان ہے۔

 

 

 

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی حکومتی جماعتوں کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔پیپلزپارٹی،ن لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی،بلوچستان عوامی پارٹی اور ق لیگ کے رہنماؤں بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اتحادیوں نے اسمبلی تحلیل،نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر مشاورت کی،جبکہ نگران سیٹ اپ کی تشکیل کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں حکمران جماعت کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے 5 نام تجویز کیے گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close