پرویز خٹک نے اپنی سیاسی جماعت کے پہلے جلسے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرینز نے 19 اگست کو نوشہرہ میں جلسہ عام سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔پشاور میں پرویز خٹک کی صدارت میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی منشور اور انتخابی نشان پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں سابق رکن قومی اسمبلی شوکت علی اور سابق صوبائی وزیر محب اللہ، سابق مشیر ضیاء اللہ بنگش اور دیگر اراکین شریک ہوئے۔اس حوالے سے پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز تمام حلقوں سے امیدوار کھڑا کرے گی، ہماری پارٹی میں سب کے لیے دروازے کھلے ہیں جبکہ دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی اتحاد کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ 19 اگست کو نوشہرہ میں جلسہ سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کررہے ہیں، مانسہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان، سوات، مردان اور دیگر شہروں میں بھی جلسے کریں گے۔سابق وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ پارٹی کا نعرہ امن، ترقی اور خوشحالی ہوگا جس کی کور کمیٹی نے منظوری دی ہے، کور کمیٹی نے پارٹی آئین ، منشور اور اغراض ومقاصد کا بھی جائزہ لیاانہوں نے کہ ہمارا مقصد پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کی خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے، ریاستی اداروں کے ساتھ جنگ نہیں بلکہ ان کو مضبوط کرنا ہے، ہم نے اس صوبے میں پہلے بھی عوام کی خدمت بھرپور انداز میں کی ہے۔

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرنینز کے رکن کورکمیٹی شوکت علی نے بتایاکہ پرویز خٹک چیئرمین اور محمود خان پارٹی کے وائس چئیرمین ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق ایم پی ایز اور ایم این ایز پارٹی کی کور کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ بڑی تعداد میں سابق اراکین سمبلی جلد پارٹی میں شامل ہوں گے۔شوکت علی کا کہنا تھاکہ انتخابی نشان کے لیے الیکشن کمیشن سے نشانات کی لسٹ منگوائی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close