لاہور(پی این آئی) وزیر اعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو نگران وزیر اعظم بنانے کی مخالفت کردی۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ کا سربراہ کسی غیر جانبدارشخص کو ہونا چاہئے۔
ادھر وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے ابھی کسی نام کو منتخب یا مسترد نہیں کیا گیا، اسحاق ڈار کے نام سے متعلق وزیراعظم کی بات افواہیں ہیں۔انہوں نے ٹویٹر پر انگریزی اخبار ڈان کی ایک خبر اور وزیراعظم شہبازشریف کا انٹرویو کا کلپ شیئر کیا۔ جس سے متعلق مریم اورنگزیب نے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے ابھی کسی نام کو منتخب یا مسترد نہیں کیا گیا، نگران وزیراعظم کی تقرری آئین میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہوگی۔وزیراعظم تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کریں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف قائد ن لیگ نواز شریف سے بھی رہنمائی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کریں گے۔ دوسری جانب کہا گیا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل اور نگران سیٹ اپ کی تقرری کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سمیت تمام جماعتوں نے نگران وزیراعظم کیلئے 5 ناموں پر اتفاق کیا ہے، حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی ملاقات میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کہ اسمبلیاں 9 اگست کو تحلیل ہوں گی، سیاسی جماعتوں کی اکثریت نے نگران وزیراعظم کیلئے سیاسی شخصیت کے تقرر کی حمایت کی، جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نام بھی نگران وزیراعظم کیلئے زیر غور رہا۔ اسی طرح قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے ناموں پر مشاورت کا دوسرا مرحلہ 2 اگست سے شروع کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا کہ وہ نگران وزیراعظم کیلئے 3 نام تجویز کریں گے، اپوزیشن ارکان کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی اور جی ڈے اے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے بدھ کو قومی اسمبلی میں ہمارے گروپ کی ارکان کے ساتھ مشاورت ہے، کوشش ہے تجویز کردہ ناموں میں ماہر معیشت، سیاستدان اور ٹیکنو کریٹ شامل ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں