جے یو آئی پر نہیں، یہ جمہوریت پر حملہ ہے، اس کا جواب آئندہ انتخابات میں دینے کا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ باجوڑ بم دھماکا ریاست اور جمہوری قوتوں پر حملہ ہے، یہ حملہ کھلم کھلا دہشت گردی ہے، یہ جہاد نہیں فساد ہے، اس سے پہلے بھی دو درجن سے زیادہ جے یو آئی کے ذمہ دار ٹارگٹ ہو کر شہید ہوئے ہیں۔اپنے ایک بیان میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ باجوڑ جلسے پر حملے کی فوری تحقیقات ریاست کی ذمہ داری ہے،

کارکنوں کا مقدس خون اسلام و ملک دشمن قوتوں کو ہضم نہیں ہو گا، پرتشدد واقعات کا مقصد جمعیت علما اسلام کو پرامن اور آئینی جدوجہد کی راہ سے ہٹانا ہے، جلسے میں مجھے دعوت دی گئی تھی لیکن کچھ ذاتی اہم مصروفیت کی وجہ سے نہ جا سکا۔انہوں نے کہا کہ یہ جے یو آئی پر نہیں جمہوریت پر حملہ ہے، اس کا جواب آئندہ انتخابات میں دیا جائے گا، شہید و زخمی کارکنوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں