حکمران 15مہینے کے بعد عوام کے پاس کیا لے کر جائیں گے؟ سراج الحق نے سوال پوچھ لیا

لوئر دیر(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں دھماکے ہو رہے ہیں، بدامنی بڑھ رہی ہے، حکمرانوں نے قائد اعظم کے پاکستان کو کہاں پہنچا دیا، آپ کو مزید ایک دن وزیر اعظم نہیں رہنا چاہیے۔اتوار کے روز لوئر دیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ 70سالوں سے ملک کو امن نصیب نہیں ہوا، میں پوچھتا ہوں کہ حکمران 15مہینے کے بعد عوام کے پاس کیا لے کر جائیں گے، مالاکنڈ ڈویژن کے عوام نے روس اور نیٹو کا مقابلہ کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مالا کنڈ کے لوگ چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت نے جو وعدے کئے ان کو پورا کیا جائے، یہاں کے لوگ سب سے زیادہ پیسہ باہر سے بھجوا رہے ہیں مگر الٹا ان کا حق لیا جا رہا ہے، ہمارے علاقوں میں پیدا ہونے والے معدنیات اور بجلی رائیلٹی نہیں دی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، یہاں کے لوگوں کو بجلی نہیں دی جا رہی، جماعت اسلامی نے پاکستان کے عوام کو بیدار کرنے کا آغاز کیا ہے، سب کرپٹ لوگ ہیں، پانامہ لیکس، بنک ڈیفالٹر، باہر ممالک میں پیسے بھجوانے والوں میں ان کے نام شامل ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ ہمارا خیال تھا چوروں کا احتساب سپریم کورٹ کرے گی، پانامہ لیکس پر پانچ سال بعد عدالت کو ہم یاد آئے، یہ عدالتیں ان کا احتساب نہیں کریں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں