تحریک انصاف نے صوبائی نگران حکومتوں کیخلاف نیا محاذ کھولنے کا فیصلہ کرلیا

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نگران حکومتوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قائم نگران حکومتوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا، اس مقصد کے لیے پارٹی کی جانب سے قانونی ٹیم کو جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس کے حوالے سے جاری اعلامیہ سے معلوم ہوا ہے کہ حکومتی قانون سازی کا جائزہ لینے کے لیے شاہ محمود کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں سینیٹرعلی ظفر، سینیٹر شبلی فراز، ڈاکٹر بابر اعوان اور قاضی محمد انور شامل ہیں، کور کمیٹی نے زبردستی ٹرائل میں تیزی لاتے ہوئے پارٹی چیئرمین عمران خان کو سزا دلوانے کی کوششوں کی بھی شدید مذمت کی۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں 14 اگست کو یوم آزادی جماعتی سطح پر بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا، پی ٹی آئی کور کمیٹی نے بجلی، گیس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن قرار دیا اور حکومت سے بجلی کے نرخوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

اجلاس کے شرکاء نے حکومتی وزرا کی جانب سے خواتین کے خلاف توہین آمیز جملوں کی شدید مذمت کی اور چادر و چار دیواری کی حرمت کی پامالی اور انتقامی کارروائیاں بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں اسلام آباد کی تنظیموں کو مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تیاریوں کی بھی ہدایت کی گئی اور 90 نشستوں پر امیدواروں کے تعین کیلیے مرتب کردہ حتمی سفارشات پر بریفنگ دی گئی، امیدواروں کے تعین کا عمل چیئرمین پی ٹی آئی کی منظوری سے مکمل کیا جائے گا جب کہ اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں سے روابط کے لیے اوور سیز لائزون کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی جس میں عمر ایوب خان اور شبلی فراز شامل ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں