چلاس(پی این آئی)چلاس روڈ پر سیاحتی مقام گیتی داس میں گاڑی کھائی میں جاگری، 8 افراد ہلاک 9 زخمی ہوگئے۔ وادی بابوسر کے قریب چلاس روڈ پر گاڑی بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو چلاس ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس سے جانی نقصان زیادہ ہوا۔ اے سی چلاس صداقت علی کا کہنا ہے کہ گاڑی میں ایک ہی خاندان کے افراد موجود تھے جن کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال سے ہے۔ان کا کہنا ہے کہ گاڑی اُلٹنے کا واقعہ بابو سرٹاپ کے علاقے گیتی داس کے مقام پر پیش آیا، حادثے میں 8 افراد ہلاک جبکہ 9 زخمی ہوئے ہیں۔ڈی ایس پی چلاس وزیر لیاقت کا کہنا ہے کہ ’گاڑی میں کل 16 سیاح سوار تھے اور یہ ساہیوال سے گلگت جا رہی تھی اور گیتی داس کے مقام پر کھائی میں جا گری۔‘انہوں نے مزید بتایا کہ ’زخمی ہونے والوں میں ایک مرد، چار خواتین اور چار بچے شامل ہیں جنہیں چلاس ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں