نگران وزیراعظم کون ہوگا؟ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مشترکہ ناموں کا انتخاب کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے نگران وزیراعظم کیلئے مشترکہ ناموں کا انتخاب کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران وزیراعظم کیلئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے نگران وزیراعظم کیلئے مشترکہ ناموں کا انتخاب کر لیا،مشترکہ ناموں کی جانچ پڑتال کے بعد تین ناموں کا انتخاب کیا جائے گا۔مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی جانب سے تین ناموں کو آئندہ ہفتے حتمی شکل دی جائے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے نام پر پنڈی والوں سے بھی بات ہو گی۔ انہوں نے کہا نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار نے کبھی اپنا نام نگران وزیراعظم کے لیے نہیں دیا اور نہ کسی اسٹیج پر ایسی کسی خواہش کا اظہار کیا۔میرے خیال میں 90 دن میں الیکشن ہوں یہ ہمارے لئے بھی مناسب ہے،میری ذاتی رائے ہے الیکشن 90 دن سے بھی پہلے ہوں۔ وزیر دفاع نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے نگران وزیراعظم کے حوالے سے کوئی آفر نہیں ہوئی،ہم نے 4،5 ناموں پر غور کیا ہے ہم نے جو نام دیے ہیں وہ سیاستدان ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ن لیگ اورپیپلز پارٹی نے مل کر 4،5 نام فائنل کیے ہیں جن پر دوسری پارٹیوں سے بھی بات چیت ہوں گے۔

نگران وزیراعظم کا نام ایک ہفتے کے اندر فائنل ہو جائے گا۔جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مابین اسمبلیوں کی تحلیل اور نگران وزیراعظم سے متعلق مشاورت کا پہلا دور مکمل ہو گیا۔ اپوزیشن کی ابتدائی مشاورت میں نگران وزیراعظم کیلئے تین ناموں پر غور کیا گیا تاہم کسی نام پر اتفاق نہ ہو سکا۔ اپوزیشن کا ایک اور مشاورت اجلاس بعد میں ہو گا،وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے بھی نگراں سیٹ اپ پر مشورے کیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں