اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی دارالحکومت میں نجی ہاسنگ سوسائٹی میں مسلم لیگ ق کے رہنما چوتھی منزل سے گرکر جاں بحق ہوگئے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے علاقے تھانہ لوہی بھیر میں واقع نجی ہاسنگ سوسائٹی کے فیز 3 میں پراسرار واقعہ رونما ہوا، جس کی چوتھی منزل سے گرکر مسلم لیگ ق کے ضلعی رہنما میاں اللہ یار گڈگور جاں بحق ہوگئے۔لیگی رہنما نجی ہاسنگ سوسائٹی کے میں کاروباری معاملات کیلئے قیام پزیر تھے۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردی ہے تاہم واقعہ قتل ہے یا حادثہ تحقیقات کی جارہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اللہ یار گڈگور کا کاروباری معاملات پر مبینہ طور پر دیگر پارٹنرز سے تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا تھا، جس میں مخالف حریف نے مبینہ طور پر پلازے کی چوتھی منزل سے نیچے پھینک دیا اور وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ایس ایچ او لوہی بھیر کا کہنا ہے کہ میاں اللہ یار چار دیگر دوستوں کے ہمراہ سوسائٹی میں موجود تھے تاہم واقعے کے فوری بعد چاروں دوستوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کے متعلق حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا پوسٹ مارٹم و تحقیقات میں صورتحال واضع ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں