وفاق میں بھی نگران حکومت کو لمبا کرنے کا پروگرام ہے، بڑے قانون دان کی بڑی پیشگوئی

لاہور (آئی این پی) معروف قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وفاق میں بھی نگران حکومت کو لمبا کرنے کا پروگرام ہے، نو مئی کے واقعات پر آئی جی پنجاب سے پوچھ گچھ ہو تو سب کچھ سامنے آجائے گا۔ لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرضی کی نگران حکومت وفاق میں بنانے کا پروگرام بن رہا ہے، خواجہ آصف نے اسحاق ڈار کا نگران وزیراعظم بننے پر درست اعتراض کیا۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ خواجہ آصف نے اسمبلی میں خواتین سے متعلق غلط زبان استعمال کی۔انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعات پر آئی جی پنجاب سے پوچھ گچھ ہو تو سب سامنے آجائے گا، فوجی عدالتوں کا کیس مفاد عامہ کا کیس ہے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ گیلانی اور جمالی حکومت کو دیکھا جائے تو توشہ خانہ کیس بنتا ہی نہیں۔ سائفر سے کوئی انکار نہیں کرتا سب مانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے امریکہ سے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تھا، سائفر کو ڈی کلاسیفائیڈ کرنے کا اختیار وزیراعظم کو حاصل ہے، وزیراعظم نے ڈی کلاسیفائیڈ کیا تو کیس کیسے بنتا ہے۔اعتزاز احسن نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن مجھے نوٹس جاری کرتا ہے تو دفاع کروں گا۔انہوں نے کہا کہ زیادتی کی بھی کوئی انتہا ہے کہ ایک شخص پر دو سو کیس بنا دیئے، دوسری پارٹیوں کے سربراہان کیخلاف بھی مستقبل میں ایسی کارروائی ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close