اسحاق ڈار نگران وزیر اعظم، ن لیگ کے اندر سے مخالفانہ آوازیں اٹھنا شروع ہو گئیں

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کے نام پر صرف قیاس آرائی ہو رہی ہے، اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کا فیصلہ چند روز میں ہو جائے گا، ڈار صاحب بھائی ہیں، دعا گو ہوں کہ ان کی خواہش ہے تو انہیں وزیر اعظم کا عہدہ ضرور ملے، اسحاق ڈار کا شمار لیڈرشپ کے قریب ترین لوگوں میں ہوتا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر اسحاق ڈار نگران وزیر اعظم بنتے ہیں تو پورے پراسس پر سوالیہ نشان آجائے گا، میں نہیں سمجھتا کہ جو مسلم لیگ ن کا برینڈڈ ہو وہ قابل قبول ہو گا، قانون بھی اجازت نہیں دیتا کہ پارٹی سے وابستہ شخص ایک نیوٹرل عہدے پر فائز ہو۔وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ اس عمل کی سیاسی جماعتوں، عوام اور میڈیا کی طرف سے بھی مخالفت ہو گی، ریٹائرڈ بیوروکریٹ یا جج پہلے نگران لئے جا چکے ہیں، میری رائے ہے اگر کوئی سیاستدان جو غیر جانبدار ہو نگران وزیر اعظم بننا چاہے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کے 15 دن ہیں ابھی اتنی جلدی نہیں ہے، ابھی ملک میں ترازو کے پلڑے برابر نہیں ہوئے کہ نواز شریف واپس آئیں، نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ابھی بھی کچھ لوگ تسلیم نہیں کرنا چاہتے کہ زیادتی ہوئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں