عمران خان کا الیکشن کمیشن میں پیش ہونے سے متعلق اہم فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) وکیل پی ٹی آئی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کل الیکشن کمیشن میں پیش ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے توہین الیکشن کمیشن کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پرپی ٹی آئی رہنماؤں نے قانونی مشاورت شروع کردی ہے۔

 

 

وکیل شعیب شاہین اور بابر اعوان بھی بنی گالہ میں موجود ہیں، توہین الیکشن کمیشن میں وارنٹ گرفتاری پر چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم سے مشاورت ہوگی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء ویڈیو لنک کے ذریعے بھی مشاورت میں شرکت کریں گے۔ وکیل پی ٹی آئی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کل الیکشن کمیشن میں پیش ہوں گے۔ یاد رہے الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کے توہین الیکشن کمیشن کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔توہین الیکشن کیس میں چیئرمین تحریک انصاف پیش نہیں ہوئے۔

 

 

الیکشن کمیشن نے اسلا م آباد پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا۔الیکشن کمیشن نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کو ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کو گرفتار کرکے الیکشن کمیشن میں پیش کریں۔حکم نامے میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو منگل کو گرفتار کر کے صبح 10 بجے پیش کیا جائے۔ پیر کے روز الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چودھری اور اسدعمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چودھری اور اسدعمر کے وکلاء الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔

 

 

اسد عمر کے معاون وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ اسد عمر کے کیسز ہیں اور ڈاکٹر کے پاس ٹائم لیا ہے، آپ حاضری سے استثنیٰ دیں، اسد عمر یہاں حاضر ہوتے رہے ہیں، جس پر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ درخواست جمع کرا دیں۔ فواد چودھری اور ان کے وکیل فیصل چودھری بھی پیش نہیں ہوئے، ان کے معاون وکیل نے بتایا کہ فواد چودھری لاہور جبکہ فیصل چودھری اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہیں، فیصل چودھری نے آنے کا کہا ہے۔ عدم پیشی پر الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، اسلام آباد پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کر کے کل 10 بجے پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close