لاہور (پی این آئی) نگران وزیراعظم کی آفر ملنے کے سوال پر صحافی کو جواب دیتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ میں پنجاب میں ہی بہتر ہوں۔
محسن نقوی نے نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ کا دورہ کیا اور زیر تعمیر انڈر پاس کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا کہ نواز شریف انٹرچینج کی تعمیر 16 اکتوبر تک مکمل ہو جائے گی، محسن نقوی سپیڈ قرار دینا وزیر اعظم کا اعلیٰ ظرف اور بڑا پن ہے۔اس دوران ایک صحافی نے نگران وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ محسن نقوی سپیڈ وفاق میں بھی نظر آئے گی؟، کیا آپ کو نگران وزیر اعظم بنانے کی آفر ہوئی ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں یہیں ٹھیک ہوں اور پنجاب میں ہی ڈیلیور کروں گا۔محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ بھارت کے ڈیمز بھر گئے ہیں، انہوں نے اپنے مفاد کی خاطر کام کرنا ہے، ہم نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیاری کرنی ہے، ممکنہ سیلاب کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کر کے ڈی سی لاہور و دیگر اضلاع میں انتظامیہ کی ڈیوٹی لگا دی ہے۔
پنجاب میں سرکاری افسران کو گاڑیاں دینے کے سوال پر محسن رضا نقوی کا کہنا تھا کہ گاڑیاں نہ دیں تو افسران کام کیسے کریں گے، ہمارے پاس گاڑیوں کی فراہمی و مرمت کیلئے بجٹ ہوتا ہے، پنجاب حکومت کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، گراں فروشی و ذخیرہ اندوزی پر کسی کو نہیں چھوڑیں گے، چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں