تین سال میں 25 ارب ڈالر کے منصوبے، احسن اقبال نے بڑ ا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی سمت تو موڑ دی لیکن ضروری ہے کہ اگلے پانچ دس سال پالیسیوں کا تسلسل قائم رہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے (ن)لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ انجینئرز نے سائنسدانوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، اگر ہم ملک کو ایٹمی قوت بنا سکتے ہیں تو تعلیم اور صحت کے میدان میں کیوں پیچھے ہیں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا تھا اگر وزرائے اعظم کی طرح ہمارے چیئرمین بھی بار بار بدلتے تو ایٹم بم کی بجائے پھلجھڑیاں بنا رہے ہوتے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا ہے کہ حکومتوں کا تسلسل کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے، 2013 میں ہر روز خودکش حملہ ہوتا تھا، بجلی بھی نہیں تھی، ان حالات میں ملک کو اٹھایا اور بحرانوں کو ختم کیا لیکن اس حکومت کو انعام یہ دیا گیا کہ سب کو جیلوں میں ڈال دیا گیا، سی پیک شروع ہوا تو 46 ارب ڈالر کے ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔انہوں نے کہا ہے کہ تین سالوں میں ہم نے 25 ارب ڈالر کے منصوبے شروع کر کے دنیا کو حیران کر دیا، پاکستان گلوبل برینڈ بن گیا لیکن اس حکومت کو دھاندلی کے ساتھ ہروا کر ناتجربہ کار کے ہاتھ دے دیا گیا، ہم ایک بدترین دور سے گزرے، جب حکومت ملی تو دنیا پاکستان کے سری لنکا بننے کی پیش گوئیاں کر رہی تھی، شہباز شریف کی کڑی محنت سے آج ہم بحالی کے عمل کی طرف چل پڑے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں