نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شہباز سپیڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، وزیراعظم کا اعتراف

لاہور (پی این آئی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی قوتیں اتحاد قائم کریں، اختلافات کو دفن کر کے ایک ہو جائیں تو پھر کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی، آئیں چارٹر آف اکانومی پر بات کریں، مل بیٹھیں اور پاکستان کا کھویا ہوا مقام حاصل کریں۔

صرف فیصلہ کرنا ہو گا ہم نے تقدیر بدلنی ہے۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج بڑے عرصے بعد دانش سکول کے طلبہ سے ملاقات ہوئی، طلبہ کے ہاتھ میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی کنجی ہے، دانش سکول کے فارغ التحصیل طلبا و طالبات کی باتیں سن کر خوشی ہوئی، جب دانش سکول بنانے کا فیصلہ کیا تو شدید مخالفت ہوئی، کہا گیا شہباز شریف دانش سکولوں پر پیسے ضائع کر رہا ہے۔ میں نے مخالفت کی پرواہ کیے بغیر دانش سکول بنائے، طلبا و طالبات نے محنت اور قابلیت کے بل بوتے پر مقام حاصل کیا، کیا میں نے دانش سکول بنا کر گناہ کیا؟، میرا بس چلے تو پورے ملک میں دانش سکول بناؤں، دوست ممالک کے ہیرے بیچ کر دانش سکول بنائے جاتے تو سراہتا، قوم کو بے دردی سے دھوکہ دیا گیا، دوسروں کو چور، ڈاکو کہہ کر ملک کو کنگال کر دیا گیا۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ فراڈ کے ذریعے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں گئے، یہ رقم سرکاری خزانے میں جمع کر کے دانش سکولز بناتے تو سلام پیش کرتا، وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مجھے کہیں پیچھے چھوڑ کرسپیڈ سے کام کیا، دانش سکولوں کو ملک بھر میں پھیلانا ہو گا۔

اگر اللہ نے موقع دیا تو نواز شریف کی قیادت میں پورے پاکستان میں دانش سکولوں کا جال بچھا دوں گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران مجھے لیپ ٹاپ رشوت دینے کا طعنہ دیا جاتا تھا، آج لاکھوں بچے لیپ ٹاپ کے ذریعے رزق حلال کما رہے ہیں، الزام تراشیاں، چور، ڈاکو کے بیانیے نے قوم کو تقسیم کر دیا، ہماری حکومت کو 15 ماہ ہو چکے، سیلاب، مہنگائی، آئی ایم ایف پروگرام سے لیکر ہر جگہ تقسیم دیکھی، معاشرے کی بدترین تقسیم نے ملکی ترقی و خوشحالی کو تباہ کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close