لاہور( پی این آئی) بھارتی ڈیموں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے سے پاکستانی دریائوں میں دوبارہ سیلاب کے خطرے منڈلانے لگے۔خدشات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سرگرم ہوگئی۔
بھارت کے دریا ستلج، بیاس اور راوی پر بننے والے ڈیم بالترتیب، 67 فیصد، 75 فیصد اور 89 فیصد پانی سے بھر گئے ہیں جس کے سبب پاکستان میں سیلاب کا خدشہ ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں جس سے پانی کے بہائو میں مزید اضافہ ہوگا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارتی ڈیموں کی پوزیشن اور مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں، ضلعی انتظامیہ سے دریائوں کی صورت حال سے مسلسل آگاہی حاصل کی جارہی ہے، مقامی آبادیوں کے ساتھ رابطے کا نظام بھی موجود ہے، دریائوں کے راستے سے تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے سیلاب کے خطرے کے پیش نظر دریائے راوی کے اردگرد آبادیوں کا دورہ کیا اور حفاظتی انتظامات کی ہدایات جاری کیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں