اسلام آباد (پی این آئی) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں نئے انتخابات بے سود ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست سے دستبردار نہیں ہوا لیکن انتخابات کا فائدہ نظر نہیں آ رہا،آئندہ کیلئے کیا لائحہ عمل ہو گا،مجھے کچھ علم نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ موجودہ پارلیمان نے اپنے دور میں ایسا کیا کام کیا جو عوام کیلئے فائدہ مند ہو؟۔ قبل ازیں شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی چینل کو انٹر ویو دیتے ہوئے آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا عندیہ دیا اور کہا کہ اس وقت سیاست ملکی مسائل حل کرنے کیلئے نہیں،مجھے حقیقت نظر آ رہی ہے اور کم از کم میرے الیکشن لڑنے سے تو حل نظر نہیں آتا،اگر یہ تمام اسٹیک ہولڈرز نہیں بیٹھیں گے تو الیکشن نہیں لڑوں گا۔اگر ملکی مسائل حل کرنے کی سوچ بھی نظر نہ آئے تو میں الیکشن لڑ کر کیا کروں گا۔پارٹی کوئی نہیں ٹوٹتی،یہ کوششیں پہلے بھی ہوئیں اور تجربات ناکام ہوئے،ہمیں ان تجربات سے بھی سبق حاصل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے نیب بنا کر پہلے پیپلز پارٹی پیٹریاٹ اور پھر ق لیگ بنائی جو ناکام رہیں۔ نہ پارٹیاں بنانے والے آج موجود ہیں اور نہ ہی بننے والے وہ رہے،بننے والوں کی وہ عزت ہے اور نہ ہی وہ ملک کو کچھ دے سکے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا دعویٰ تو استحکام لانے کا ہے،تاریخ یہی سبق دیتی ہے جو مشکل وقت میں کھڑا رہتا ہے وہ ٹھیک ہی رہتا ہے۔ سیاست پیچیدہ نہیں بے مقصد ہو گئی ہے اور یہ سیاست نہیں چلتی کہ اس کو گرا دو اس کو بنا دو،یہ 75 سال بہت کر لی۔ نام نہاد احتساب کے ادارے کسی اور مقصد اور سیاست کیلئے استعمال کئے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں