اسلام آباد(آئی این پی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد میری رائے میں آئندہ وزیراعظم نواز شریف ہوں گے۔ نواز شریف کے نام پر کاٹا کبھی نہیں لگا، قمر جاوید باجوہ کے آرمی چیف بننے کے بعد بھی نواز شریف کے نام پر کاٹا نہیں تھا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ جو ن لیگ کے نہیں، کہتے ہیں نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ حامد خان اور سلمان اکرم راجا نے کہا کہ نواز شریف سے زیادتی ہوئی۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ میاں صاحب کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ ہو۔ میرا نہیں خیال کہ موجودہ عدلیہ سے اس کی توقع کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف اور آرمی چیف نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں اہم کردار ادا کیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے بھی جیلیں کاٹی ہیں لیکن ان کی طرح کسی نے نہیں کیا، رانا ثنا اللہ اور احد چیمہ بھی جیل گئے لیکن ثابت قدم رہے، احد چیمہ کو وعدہ معاف گواہ بننے کا کہا لیکن وہ نہیں بنے۔وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف کو باہر بھیجنے کیلئے معاملے کو مینج نہیں کیا گیا تھا، نواز شریف کی صحت اس وقت واقعی بہت خراب تھی، انہیں اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ نے ملک سے باہر بھیجا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نواز شریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ نہیں کرسکتے تھے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ماضی میں نواز شریف کی اداروں کے ساتھ نہیں افراد کے ساتھ چپقلش رہی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے لوگ ان کی اپنی پالیسیوں کی وجہ سے ٹوٹے ہیں، ایسے بے شمار لوگ ہیں جو آج بھی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں ان کا ٹکٹ لیں گے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ہٹانے اور دوسرے شخص کو لانے میں ملک کا بہت نقصان ہوا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں