قومی اسمبلی قبل از وقت تحلیل کی جائیگی یا نہیں؟ فیصلہ ہوگیا

اسلام آباد (پی این آئی) قومی اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کے امکانات ختم، قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کو اسمبلی کی مدت پوری ہونے تک جاری رکھنے کا فیصلہ۔

 

 

 

 

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کو اسمبلی کی مدت پوری ہونے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس بات کا فیصلہ قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کی۔اجلاس میں سابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کے جواں سال بیٹے کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کے روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے پر مشاورت کی گی۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ پاکستان کی 15 قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرنے جا رہی ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان کی 15 ویں قومی اسمبلی جمہوری انداز میں اپنی مدت پوری کر رہی، اجلاس میں قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کو اسمبلی کی مدت پوری ہونے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

 

 

 

کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 15 ویں قومی اسمبلی کی مدت پوری ہونے سے قبل اہم قانون سازی اور ایوان کی کارروائی میں نمایاں حصہ لینے والے ممبران کی کارکردگی کو سراہا جائے گا اور ممبران قومی اسمبلی کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازہ جائے گا، قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی الوداعی تقاریر کریں گے، قومی اسمبلی میں ہونے والی قانون سازی میں ممبران قومی اسمبلی اور عملے کی بہترین کارکردگی کو سراہا جائے گا۔قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں وقفہ سوالات کے علاؤہ قانون سازی کی جائے گی اور عوامی اہمیت کے حامل ایشوز کو زیر بحث لایا جائے گا، قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں پرائیویٹ ممبر بلز کو بھی زیر غور لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 15 قومی اسمبلی کے اختتامی اجلاس کے دوران ممبران کا روایتی گروپ فوٹو بھی ہو گا۔

 

 

 

ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے شرکت کی، اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی مولانا عبدال اکبر چترالی، انجینئر صابر حسین قائم خانی، چوہدری برجیس طاہر، شاہدہ اختر علی، چوہدری حامد حمید، رانا قاسم نون، آغا رفع اللہ، ڈاکٹر رمیش کمار اور سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین اور ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی محمد مشتاق نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں