اسلام آباد (پی این آئی) 9 اور10 محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے عاشورہ کے موقع پر9 اور10 محرم الحرام کو عام تعطیل کی منظوری دے دی۔وزیر اعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔نوٹیفیکیشن کے مطابق جمعہ 28 اور ہفتہ 29 جولائی 2023 کو عام تعطیل ہوگی۔
دوسری جانب محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر حکومت کو مراسلہ بھیج دیا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ آرٹیکل 245 کے تحت ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا،صوبوں کی درخواست پر فوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ جبکہ پنجاب بھر میں یکم سے 12 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے،دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیا۔نوٹیفیکشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام تک ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے صوبے میں نئے ہجری سال کے آغاز پر عام تعطیل دینے کا فیصلہ کیا،فیصلے کے تحت یکم محرم الحرام بروز جمعرات کو صوبے بھر میں عام تعطیل ہے۔ جبہ محکمہ موسمیات کے کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام 1445 ہجری کے چاند کی پیدائش 17 جولائی کی رات 11 بج کر 32 منٹ پر ہو چکی تھی تاہم ملک بھر میں منگل کے روز کہیں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا تھا۔محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں طلب کیا گیا تھا،مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کے ممبران،وزارت مذہبی امور،محکمہ سپارکو،محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں