لاہور (پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ سائفر والے تماشے کو بےنقاب کرنے کا مجھے ایک موقع فراہم کردیا، مجھے نااہل کروانے اور جیل میں ڈالنے کیلئے نالائق ٹولے نے ایک مرتبہ پھر پاؤں پر کلہاڑی مار لی ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر سائفر معاملے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ محض مجھے نااہل کروانے اور جیل میں ڈالنے کی غرض سے کسی بھی معاملے میں ملوث کرنے (مجھے مورودِ الزام ٹھہرانے) کے خبط میں مبتلا مجرموں کے نالائق ٹولے نے ایک مرتبہ پھر اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی مار لی ہے۔انہوں نے مجھے سائفر والے تماشے کو پورے اہتمام سے بےنقاب کرنے کا ایک موقع فراہم کردیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کل میں کسی لگی لپٹی کے بغیر تمام تفصیلات قوم کے سامنے رکھوں گا کہ کیسے 17 برس میں (پہلی مرتبہ) بہترین معاشی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ایک حکومت کا تختہ الٹنے اور ان مجرموں، جو ملک کو تباہی کے گھاٹ اتار چکے ہیں، کو اقتدار میں لانے کیلئے ایک سازش رچائی گئی۔میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ تفصیلات ٹیلی ویژن پر چلنے والے کسی بھی ڈرامے سے بڑھ کر دلچسپ اور سحر انگیز ہوں گی۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر تحقیقات کیلئے 25 مئی کو طلب کرلیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو ایف آئی اے نے نوٹس جاری کردیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو زمان پارک اور بنی گالہ رہائشگاہوں کے ایڈریس پر نوٹسز جاری کئے گئے۔نوٹس میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی تحقیقات جاری ہیں، ایف آئی اے کی جوائنٹ انکوائری ٹیم سائفر معاملے کی تحقیقات کررہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو متعلقہ دستاویزات اور شواہد ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو 25جولائی کو دن 12بجے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔یاد رہے سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق بیان ریکارڈ کرا دیا۔ اعظم خان نے بیان 164 کے تحت مجسٹریٹ کو ریکارڈ کرایا۔ اعظم خان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف بیان ریکارڈ کروایا۔اعظم خان نے سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دے دیا۔
اعظم خان نے بیان دیا ہے کہ سیاسی مقاصد کے لیے سائفر کا ڈرامہ رچایا گیا۔اعظم خان نے کہا کہ عمران خان نے تمام تر حقائق کو چھپا کر سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ بنایا۔ تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے سائفر کو بیرونی سازش کا رنگ دیا۔ عمران خان نے کہا “سائفر کو غلط رنگ دے کر عوام کا بیانیہ بدل دوں گا” ۔عمران خان نے سائفر میرے سے 9 مارچ کو لے لیا اور بعد میں گما دیا۔ عمران خان نے سائفر ڈرامہ کے ذریعے عوام میں ملکی سلامتی اداروں کے خلاف نفرت کا بیج بویا۔ منع کرنے کے باوجود ایک سیکرٹ مراسلہ کو عوام میں ذاتی مفاد کے لیے لہرایا۔ اعظم خان نے پولیس کو بھی اپنی موجودگی سے آگاہ کر دیا۔وفاقی پولیس نے اعظم خان کی موجودگی کی تصدیق کر دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں