تازہ ترین

سائفر گم نہیں ہوا بلکہ کہاں ہے؟ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی سائفر ڈرامے میں پوری طرح ملوث ہیں۔ سائفر گم نہیں ہوا، عمران خان کے پاس ہے۔

(ن) لیگی رہنما رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے قومی اداروں کے خلاف سائفر کا ڈھونگ رچایا، اعظم خان کا بیان چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف فردجرم ہے۔ شاہ محمود قریشی اس ڈرامے میں پوری طرح ملوث ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کو بتایا گیا کہ یہ ایک سیکرٹ دستاویز ہے، ملکی مفاد کیخلاف کھیلنے والے کھلاڑی خود اعتراف جرم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائفر گم نہیں ہوا، عمران خان کے پاس ہے، آفیشل سیکرٹ ڈاکومنٹ اپنے پاس رکھنا دنیا بھر میں جرم ہے۔ اسی جرم میں امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بھی کارروائی ہو رہی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے سائفر پبلک کرنے کا جرم کیا۔ ان کے تانے بانے ملک سے باہر جڑتے ہیں، اس جتھے کو سزا دینا بہت ضروری ہے۔ شاہ محمود اس وقت وزیر خارجہ تھے، اعظم خان کے بیان سے معلوم ہو گیا اصل میر جعفر کون ہے۔ رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے سائفر برآمد کرانا ہو گا۔ سانحہ 9 مئی بھی اسی سازش کا تسلسل ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف سے پوچھا گیا کہ سائفر کہاں ہے تو جواب دیا گم ہو گیا۔ اعظم خان نے اپنے بیان میں وضاحت کر دی ہے کہ وہ کہاں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے دوست کے گھر پر تھے۔ اعظم خان کے مطابق وہ سوچنے سمجھنے کیلئے سامنے آنے سے گریزاں تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں