پرویز خٹک کی پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ، ن لیگ کے اندر سے خواہش ظاہر کر دی گئی

اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی حمایت کردی۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ وہ پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حامی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی جماعت کو یہ مشورہ دیں گے کہ جہاں کہیں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ممکن ہو، وہاں کرنی چاہیے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ گرفتار بہت سارے لوگ 9 مئی کے واقعات میں ملوث تھے، کچھ لوگ وہ بھی ہیں، جو ان ملوث لوگوں کے ساتھ رابطے میں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں جناح ہاوس پر حملہ آوروں کے جن سے بھی رابطے تھے، پوچھ گچھ کی گئی، جب تک ایک ایک مجرم کو کیفرکردار تک نہیں پہنچایا جاتا، سلسلہ جاری رہے گا۔عطا تارڑ نے کہا کہ شہباز گل اور شہزاد اکبر دونوں پارٹی اور معیشت تباہ کرکے گئے، ایک شخص نے خانہ کعبہ ماڈل والی گھڑی توشہ خانہ سے لے کر بیچ دی۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کا تحفہ لینا، اسے مارکیٹ میں مہنگا بیچنا اور جعلی رسید جمع کرانا، بڑے چبھتے سوالات ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں کہا جاتا تھا کہ اس کا پنکھا اتاردو، اس کو قید میں زمین پر سلاو، 22 سال کی جدوجہد تھی تو پھر سر پر ٹوپی پہن کر نہ آئیں ثبوت دیں۔انہوں نے استفسار کیا کہ استحکام پاکستان پارٹی کیا اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر بنی ہے؟

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close