بجلی مہنگی ہوتے ہی میٹر کے نرخوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) شہریوں کیلئے بری خبر،بجلی مہنگی ہونے کے بعد میٹر کے نرخ بھی بڑھ گئے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کے نرخ میں تو آئے روز اضافہ ہو رہا ہے،اب میٹر کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ لیسکو نے سنگل اور تھری فیز میٹرز کے نرخ میں اضافہ کر دیا،میٹر کے نرخ بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ سنگل فیز میٹر کی قیمت میں 3400 اور تھری فیز میٹر کی قیمت میں 18500 کا اضافہ کیا گیا۔

نوٹیفیکشن کے مطابق سنگل فیز میٹر کی قیمت 4 ہزار سے بڑھا کر 7400 روپے کر دی گئی،جبکہ تھری فیز میٹر کی قیمت 15 ہزار سے بڑھا کر 33 ہزار 500 روپے ہو گئی۔ دوسری جانب نیپرا کی جانب سے کپیسٹی چارجز شامل کر کے بجلی مہنگی کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کے مطابق بجلی کی اصل اوسط پیداواری قیمت 6 روپے 73 پیسے فی یونٹ ہے،جب کہ نیپرا نے بجلی کی پیدواری قیمت میں 16 روپے 22 پیسے فی یونٹ کپیسٹی چارجز شامل کر دیے۔جس سے بجلی کی قیمت 6 روپے سے 22 روپے 95 پیسے فی یونٹ ہو گی۔ کیپسٹی چارجز شامل کر کے بجلی مہنگی کی جاتی ہے۔ نیپرا دستاویزات کے مطابق نیپرا نے رواں مالی سال کے لیے بجلی کا پیداواری اوسط یونٹ ٹیرف مقرر کر دیا،رواں مالی سال میں 124 ارب 86 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہونے کا امکان ہے۔ بجلی کی خالص پیداواری لاگت 801 ارب 25 کروڑ آنے کا امکان ہے۔جب کہ پیداواری لاگت میں 2 ہزار 25 ارب روپے کپیسٹی چارجز شامل کیے گئے۔دستاویزات کے مطابق درآمدی کوئلے سے بجلی کی اصل پیداواری لاگت 16 روپے 71 پیسے فی یونٹ ہے اور 23 روپے کیپسٹی چارجز شامل کرکے درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداواری لاگت 40 روپے 34 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔ کپیسٹی چارجز کے ساتھ فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 48 روپے 56 پیسے فی یونٹ اور ایل این جی سے بجلی کی پیداواری قیمت 51 روپے 42 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close