توشہ خانہ کیس، عدالت نے عمران خان کو بڑا جھٹکا دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی) توشہ خانہ فوجداری کیس،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے عمران خان کی جج پر عدم اعتماد کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری سے متعلق آج کی سماعت کا محفوظ فیصلہ سنا دیا،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی آج حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کر لی۔

عدالت نے عمران خان کو 20 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا،جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جج پر عدم اعتماد کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ عدالت نے سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم پر تحفظات کا اظہار کیا۔ جج ہمایوں دلاور نے قرار دیا کہ اپنے تحفظات کو فیصلے میں تحریر کیا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ سوشل میڈیا مہم کے معاملے کو دیکھ سکتی ہے۔یاد رہے کہ عمران خان کے وکلاء نے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور پر عدم اعتماد اور حاضری سے استثنٰی کی درخواستیں دائر کی تھیں،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے 2 درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔دورانِ سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہرعلی خان عدالت میں پیش ہوئے۔ گوہر علی خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کی آج کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے عمران خان کی درخواستِ استثنیٰ پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ استثنیٰ پر ان کے دستخط ہی نہیں ہیں۔ جج ہمایوں دلاور نے استفسار کیا کہ بہتر نہیں تھا اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر ٹرانسفر کی درخواست بھی ساتھ لگاتے؟ اس موقع پر عمران خان کے وکیل گوہر علی خان نے جج ہمایوں دلاور کی فیس بک پوسٹس عدالت میں دکھائیں اور کہا کہ میں نے جب ان پوسٹس کو دیکھا تو بہت دکھ ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں