پشاور(پی این آئی) سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت کا اعلان کر دیا۔پرویز خٹک کی جانب سے ’ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز ‘ کے نام سے ایک سیاسی جماعت کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔سابق وزیراعلیٰ محمود خان بھی پرویز خٹک کی جماعت میں شامل ہو گئے۔ہپاکستان تحریک انصاف کے 57 سابق ارکان اسمبلی نے پرویز خٹک کی حمایت کا اعلان کیا۔
صدر تحریک انصاف خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پرویز خٹک کی نئی پارٹی کے قیام پر ردعمل دیا ہے۔علی امین گنڈا پور نے ایک آڈیو میسج میں کہا کہ پرویز خٹک کی قیادت میں بے ضمیروں کے ٹولے کی عوام میں کوئی حیثیت نہیں۔ تحریک انصاف بھرپور مقابلہ کرے گی اور عوام کی سپورٹ سے الیکشن جیتے گی۔آج جو لوگ نئی پارٹی کے قیام پر خوشی منا رہے ہیں یہ ان کی وقتی خوشیاں ہیں۔صدر پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے۔ تحریک انصاف سے آج بزدلوں کا صفایا ہوگیا۔ آج جانے والے عوام کا سامنا نہیں کرسکیں گے۔ عوام ان کو آئینہ دکھائے گی۔ علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ آج یہ میڈیا سے چھپ کر آئے الیکشن میں عوام سے چھپیں گے۔تحریک انصاف چھوڑنے والے اپنے زور بازو پر کونسلر کی سیٹ بھی نہیں جیت سکتے اور یہ خود کو پارلیمنٹرین کہتے ہیں۔عمران خان کی وجہ سے یہ لوگ اسمبلی پہنچے آج ان لوگوں نے احسان فراموشی کی۔ خود کو غیرت مند کہنے والوں نے تحریک انصاف کو سخت وقت میں چھوڑ کر بے غیرتی دکھائی اور پختون روایات کی پامالی کی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام الیکشن میں اپنے ووٹ سے بدلہ لے گی۔ تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی سیاست میں ایک حقیقت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں