اسد قیصر کا پرویز خٹک کی سیاسی جماعت میں شمولیت سے متعلق دوٹوک اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز خٹک کی اپنی مرضی ہے ہمارا پرانا دوست تھا،اسے جو اچھا لگتا ہے وہ کریں،ہمارا اپنا راستہ ہے اور اس کی اپنی سوچ ہے۔

انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک سے ڈیڑھ دو ماہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے،غیر قانونی گرفتاریاں قابلِ مذمت ہے۔ جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسد قیصر کی صوابی میں درج مقدمات میں 10 روزہ حفاظتی منظور کر لی،عدالت نے اینٹی کرپشن کو 10 روز تک اسد قیصر کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسد قیصر کو 50 روز روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کر دی۔عدالت نے اسد قیصر کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ قبل ازیں رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا کہ مجھے پشاور ہائیکورٹ سے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی،پولیس مجھے گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ پی ٹی آئی رہنماء وزیرعبدالکریم خان کو گرفتار کیا گیا،تمام ناجائز کیسز میں عدالتوں میں پیش ہورہا ہوں۔ تمام کیسز میں ضمانتیں مل چکی ہیں،عدالتوں میں پیشی کیلئے آتے ہیں تو پولیس گرفتاری کیلئے موجود ہوتی ہے۔انہوں نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران ملک کے فیصلے لندن اور دبئی میں بیٹھ کر کرتے ہیں، حکومت آئی ایم ایف سے قرض لینے پر جشن منا رہی ہے۔ آئی ایم ایف معاہدے کو پبلک کیا جائے،عوام کو بتائیں کہ مزید کتنی مہنگائی ہو گی اور کتنے ٹیکس لگیں گے۔ بجلی اور گیس سمیت دیگر چیزیں مہنگی کر دی گئیں،حکمران کس منہ سے الیکشن میں عوام کے پاس جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں