اسلام آباد(پی این آئی) سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت کا اعلان کر دیا۔پرویز خٹک کی جانب سے ’ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز ‘ کے نام سے ایک سیاسی جماعت کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔سابق وزیراعلیٰ محمود خان بھی پرویز خٹک کی جماعت میں شامل ہو گئے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 57 سابق ارکان اسمبلی نے پرویز خٹک کی حمایت کا اعلان کیا۔
پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر اشتیاق ارمڑ اور شوکت علی نئی جماعت کا حصہ ہیں۔ارکان اسمبلی نے 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف سے راہیں جدا کی تھیں۔پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔پاکستان کے وجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے۔ پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت کے اعلان کے بعد سینئر صحافی سلیم صافی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے قائد کو سرپرائز مل گیا جس کا میں کچھ عرصہ پیشینگوئی کررہا تھا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے جو باقی الیکٹیبلز بچے ہیں، انہیں بھی یہاں آنا ہوگا ورنہ باہر بھاگنا یا جیل جانا ہوگا۔محمود خان کی پرویز خٹک کی جماعت میں شمولیت پر سلیم صافی نے کہا کہ پرویز خٹک کی جگہ محمود خان کو وزیراعلی بنا کر عمران خان نے انہیں ناراض کیا تھا لیکن آج وہ خان کو چھوڑ کر خٹک کے ہمسفر بن گئے ۔اس لئے نوجوانوں سے میں درخواست کرتا رہتا ہوں کہ وہ سیاست کو سیاست سمجھیں اور حق و باطل یا اسلام اور کفرکی جنگ نہ بنائیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز ”پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز“ پارٹی کے نام اور جھنڈے کا انتخاب کرلیا گیا تھا، پرویز خٹک اپنی الگ پارٹی کے قیام کے سلسلے میں اسلام آباد اور پشاور میں اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ کافی دنوں سے یہ خبریں گردش میں تھیں کہ پرویز خٹک کسی دوسری پارٹی میں شامل نہ ہونے کی صورت میں اپنی الگ پارٹی کے قیام کا اعلان کردیں گے جس کے لیے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے نام کا انتخاب کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں