اسلام آباد (پی این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی کو تھری ایم پی او کے تحت 30 دن کے لیے نظر بند کر دیا گیا ہے،جس کا ڈی سی لاہور نے گزشتہ روز نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں ’امن و امان برقرار رکھنے کے لیے‘ پرویز الٰہی آئندہ 30 دن کے لیے کیمپ جیل میں نظر بند رہیں گے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی نظر بندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ۔
چودھری پرویز الٰہی کے وکیل عامر سعید راں نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سابق وزیراعلی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ان کی تمام مقدمات میں ان کی ضمانت منظور ہو چکی ہے، جبکہ عدالت دہشتگردی کے مقدمے میں بھی پرویز الٰہی کو حفاظتی ضمانت مل گئی ہے ۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہور ہائی کورٹ نے پرویز الٰہی کو کسی بھی خفیہ مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔
ساتھ ہی لاہور پولیس نے ڈپٹی کمشنر سے پرویز الٰہی کو نظر بند کرنے کی درخواست کر دی تھی۔پیر کو پنجاب حکومت نے پرویز الٰہی کو خفیہ مقدمے میں گرفتار نہ کرنے اور حفاظتی ضمانت دینے کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔اپیل میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سنگل بنیچ نے چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر حقائق کے منافی فیصلہ دیا ہے، متعلقہ تحقیقات کرنے والے ادارے قانون کے مطابق پرویز الٰہی سے تفتیش کر رہے ہیں۔درخواست میں سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں