پی ٹی آئی نے مزید 6 رہنمائوں کی پارٹی رکنیت منسوخ کر دی، کون کون شامل ہے؟

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے مزید 6 ممبرز کی بنیادی رکنیت منسوخ کردی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی نے حاجی شوکت علی، مجاہد میتلہ سمیت نادیہ عزیز کی بنیادی رکنیت منسوخ کردی ۔پاکستان تحریک انصاف نے سلیم بریار، سید زلفقار علی شاہ اور عثمان ترکئی کی بھی پارٹی سے بنیادی رکنیت منسوخ کردی اس ضمن میں سیکریٹری جنرل عمر ایوب کے دستخط سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹس کے مطابق میڈیا کے مختلف فورمز پر آپ کی پریس کانفرنس کی گردش اور بڑے پیمانے پر نشریات دیکھی گئی کہ آپ نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑ دی ہے۔ نوٹس میں کہاگیاکہ آپ نے دانستہ طور پر پارٹی دفاتراور پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا،لہذا آپ کو پاکستان تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت منسوخ کرنے کا نوٹس دیا جاتا ہے۔ نوٹس میں کہاگیاکہ پاکستان تحریک انصاف سے آپ کی رکنیت فوری طور پر ختم کر دی گئی ہے،آپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ پارٹی کا نام، عہدہ اور/یا رکنیت کا کسی بھی طریقے سے استعمال کرنے سے گریز کریں۔ نوٹس میں کہاگیاکہ خلاف ورزی کی صورت میں پارٹی آپ کے خلاف قانونی کارروائی کریگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close