عدت کے دوران نکاح، کیس قابل سماعت ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری

اسلام آباد(پی این آئی)سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کے الزام کے کیس میں سول جج کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہےکہ درخواست گزار کی اپیل منظور کرتے ہوئے سول جج کا 13 مئی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے اور معاملہ جوڈیشل مجسٹریٹ بنی گالا کو واپس بھجوایا جاتا ہے۔

فیصلے کہا گیا ہےکہ درخواست گزار کے مطابق دائرہ اختیار اسلام آباد کی عدالت کا بنتا ہے، درخواست گزار کے مطابق سول جج نے فیصلہ دیتے ہوئے قانونی نکات کو مدنظر نہیں رکھا، چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف سول جج کی عدالت میں پرائیویٹ شکایت دائر ہوئی، درخواست گزار محمد حنیف نے سول جج کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ نکاح کی تقریب لاہور میں ہونے کے باعث سول جج نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دی، سول جج کے فیصلے کے مطابق دائرہ اختیار اسلام آباد کی عدالت کا نہیں بنتا، درخواست گزار کے مطابق نکاح کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی بنی گالا میں رہائش پذیر رہے، درخواست گزار کے مطابق جہاں واقعہ ہوا یا اس کے اثرات آئے، دونوں جگہوں پر کیس قابل قبول ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے درخواست کی مخالفت کی اور سول جج کےفیصلے کو درست قرار دیا لہٰذا معاملہ جوڈیشل مجسٹریٹ کو واپس بھجوایا جاتا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ قانونی نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست پر فیصلہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں